پاکستانی طلبا کی ایک بڑی تعداد آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کررہی ہے۔ معاشی مشکلات، کرونا وائرس کے باعث پابندیاں اور بارڈر بند ہونے کی وجہ سے کئی طلبا اپنی مدد آپ کے تحت ہی عیدالاضحی منا رہے ہیں۔
مغربی سڈنی سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستان طالب علم کا کہنا ہے کہ وبا کی وجہ سے وہ عید منانے پاکستان نہیں گئے اور آسٹریلیا میں ہی عید منارہے ہیں۔
آفتاب علی کا کہنا ہے کہ وہ دو سال سے آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کررہے ہیں اور دونوں سالوں میں وہ عیدِقرباں پاکستان منانے گئے۔
"مجھے بچپن سے ہی عیدِقرباں پسند ہے۔ بکروں کو چارا کھلانا، پانی پلانا اور ان کا خیال رکھنا مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔ گھر والے بھی عید پر اکھٹے ہوتے ہیں جس سے عید کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔
" اس دفعہ صحت کے لئے کافی خوشیاں قربان کرنی پڑرہی ہیں۔
ادھروکٹوریہ کے چیف ہیلتھ آفیسر بریٹ سٹن نے عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر گھر والے ایک دوسرے سے ملتے ہیں لیکن یہ سال مختلف ہے۔

Sacrificial animals are put on sale at a local cattle market ahead of the Muslim festival of Eid al-Adha in Karachi, Pakistan, 22 July 2020. Source: AAP Image/EPA/SHAHZAIB AKBER
"اس عید پر کرونا وائرس کو روکنے کے لئے اپنے گھر پر ہی رہیئے۔ صرف ان لوگوں کے ساتھ عید منائیں جن کے ساتھ آپ رہتے ہیں۔ "
"فون کال اور وڈیوکال کے ذریعے ہم اپنے پیاروں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ "
یونیورسٹی آف ولانگانگ پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسئیشن کے صدر محمد بابر کا کہنا ہے کہ وہ بھی ہر سال عیدِقرباں پر اپنے والدین اور رشتہ داروں سے ملنے پاکستان جاتے تھے لیکن کووڈ۔۱۹ کی وجہ سے نہیں گئے۔
بابر کا کہنا ہے کہ ولانگانگ میں نمازِعید کے لئےخصوصی اہتمام کیا گیا ہے اور حفظانِ صحت کے لئے حکومتی پابندیوں پر سختی سے عمل درامد ہورہا ہے۔
"سماجی فاصلے، ڈیجیٹل ڈیٹا اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال ہورہا ہے۔"
بابر کا کہنا ہے کہ چونکہ بڑے اجتماع پر پابندی ہے اس لئے تین چار طلبا ہی ایک وقت میں عید مل رہے ہیں۔
آسٹریلیا میں لوگوں کو ایک دوسرے سے رابطے کے دوران کم ازکم ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھنا چاہیئے۔
اپنی ریاست یا علاقے میں کون سے پابندیاں ہیں یہ جاننے کے لئے اس ویب سائٹ کو وزٹ کیجئے۔
کروناوائرس ٹیسٹنگ اب آسٹریلیا بھر میں دستیاب ہے۔ اگر آپ میں نزلہ یا زکام جیسی علامات ہیں تو اپنے ڈاکٹر کو کال کرکے ٹیسٹ کرائیں یا پھر کرونا وائرس انفارمیشن ہاٹ لائن 080 180020 پر رابطہ کریں۔ وفاقی حکومت کی کروناوائرس ٹریسنگ ایپ کووڈسیف اب آپ کے فون پر ایپ اسٹور کے ذریعے دستیاب ہے۔ ایس بی ایس آسٹریلیا کی متنوع آبادی کو کووڈ ۱۹ سے متعلق پیش رفت سے آگاہی فراہم کرتا ہے ۔ یہ معلومات تریسٹھ زبانوں میں دستیاب ہے۔