آسٹریلیا کا قومی دن 26 جنوری کو ہی کیوں ؟

رواں برس منایا جانا والا "آسٹریلیا ڈے" اس سرزمین پر برطانوی پرچم لہراے جانے کے 236 برس مکمل ہونے کا جشن اور عام تعطیل ہے۔ 26 جنوری کو مناے جانے والے اس دن کی تاریخ ہمیشہ سے متنازعہ رہی ہے۔

A couple walks through Sydney's Barangaroo wearing Australian flags as capes, next to a family dressed in swimmers and everyday clothing.

Many Australians still consider 26 January as a day to celebrate and take pride in the nation. Source: AAP / Dan Himbrechts

آسٹریلیا بھر میں تقریباً 80 مقامی کونسلز نے اس دن سے رواتی طور پر منسوب اپنی سالانہ شہریت کی تقریبات کی تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔

گزشتہ برس، ریاست وکٹوریہ نے اپنی سالانہ آسٹریلیا ڈے پریڈ کو اس اعتراف کے ساتھ ختم کیا کہ "26 جنوری کچھ وکٹورینز کے لیے سوگ اور عکاسی کے دن کی نمائندگی کرتا ہے اور روایتی قدیم لوگوں کے لیے ایک مشکل وقت ہے اور یہ کہ ریاستی حکومت "ماضی اور جاری ناانصافیوں کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ "

اسی تناظر بہت سے لوگ جو انتہائی فخر کے ساتھ 26 جنوری کو آسٹریلیا ڈے مناتے ہیں اور اس سرزمین کو اب اپنا گھر کہتے ہیں، مخالفت کرنے والوں کی جانب تحقیر اور نفرت سے پیش آتے ہیں۔ یوں اس تاریخ کے ارد گرد تناؤ ہر سال بڑھتا دکھائی دینے کے ساتھ، اس بات کا جائزہ لینا ضروری ہوچلا ہے کہ آخر آسٹریلیا ڈے کی تاریخی حیثیت کیا ہے، یہ 26 جنوری کو ہی کیوں منایا جاتا ہے اور ہمیشہ سے ہی یہ تاریخ کیوں نہیں چُنی گئی تھی۔

آسٹریلیا ڈے دراصل کیا ہے؟

سامراجی دور کے بعد یہاں کی قدرے مختصر تاریخ میں آسٹریلیا ڈے کا نام بعض گنی چنی سالانہ تقریبات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ پہلی بار اس کا استعمال پہلی عالمی جنگ کے دوران چندہ جمع کرنے کی مہم کے دوران سامنے آیا۔ اس وقت 30 جولائی کا انتخاب کیا گیا تھا۔ ایک خاتون، ایلن وھارٹن کرک جن کے چار بچوں نے جنگی مہم کا حصہ بننے کا اعلان تھا، نے اس دن کو سالانہ تعطیل کے طور پر منانے کی تجویز نیو ساوتھ ویلز کے پریمیر سر چارلس ویڈ کو پیش کی تھی۔ آسٹریلین جنگی میوزیم کے مطابق، وھارٹن کرک نے آسٹریلیا کے لوگوں کی سخاوت کو قریب سے دیکھا تھا اور 'آسٹریلیا ڈے' کو گیلی پولی میں اپنے فوجیوں کی حالیہ کامیابیوں پر آسٹریلوی باشندوں کے فخر کو اجاگر کرنے کے طریقے کے طور پر دیکھا تھا۔

اس کے بعد 1916 میں جنگ کے لئے چندہ جمع کرنے والی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آسٹریلیا ڈے کو اب سے 26 جنوری والے دن منایا جاے گا۔ اس کے 19 برس بعد 1935 میں آسٹریلیا کی تمام ریاستوں اور خطوں میں بالآخر اس دن کو منانے پر اتفاق رائے ہوا۔

آسٹریلیا ڈے 26 جنوری کو کیوں منایا جاتا ہے؟

بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اس دن پہلی مرتبہ برطانیہ سے یہاں لائے گئے قیدیوں کا بحری بیڑہ یہاں پہنچا تھا تاہم حقیقت میں یہ اس واقعے کے ایک ہفتہ بعد سڈنی میں ان قیدیوں کے قدم رکھنے کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسی دن کپتان آرتھر فلپ نے یہاں برطانوی یونین جیک پرچم بلند کیا اور نصف آسٹریلیا پر برٹش سالمیت کا دعویٰ کیا۔ اسی وجہ سے یہ دن یہاں کے قدیم اور روایتی باشندوں کے لیے اس قدر گھمبیر اہمیت کی حامل ہے۔ ان کے لیے یہ پرتشدد سامراجی لوٹ کھسوٹ سے عبارت ہے، جس کے بازگشت اب بھی وہ نسل درنسل محسوس کر رہے ہیں۔

سب سے پہلے ریاست نیو ساوتھ ویلز نے 26 جنوری کو سال 1838 میں یہاں پر برطانوی سالمیت کے آغاز کے 50 برس مکمل ہونے پر سالانہ تعطیل کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ اس زمانے میں اسے فاونڈیشن ڈے کہا جاتا تھا۔ اس دن کے سو سال مکمل ہونے پر سال 1888 میں جنوبی آسٹریلیا ریاست کو چھوڑ کر تمام آسٹریلیا میں یہ دن منایا جانے لگا تھا۔ تاہم یہ ایک قوم پرست نوعیت کا دن نہیں تھا۔

میلبورن کی CQ یونیورسٹی میں تاریخ کے لیکچرر بینجمن ٹی جونز کہتے ہیں کہ 19 ویں صدی کے دوران اس دن کو محض وہ لوگ مناتے تھے جو خود کو برطانوی آسٹریلینز مانتے تھے۔

1901 میں جب تمام ریاستیں وفاق کی شکل اختیار کر بھی گئیں تو ملک گیر سطح پر واحد قومی تعطیل کا دن ایمپائر ڈے ہی تھا جو 24 مئی کو منایا جاتا تھا۔ جونز کہتے ہیں کہ اُس دن کی تاریخ بھی چونکہ ملکہ وکٹوریہ کے یوم ولادت سے منسوب تھی اور قوم پرستی کے برعکس شاہی نوعیت کی تھی۔

وہ کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کے اس قومی تعطیل کی تاریخ خاصی غیر معمولی ہے۔ وہ کہتے ہیں بیشتر ممالک اپنی آزادی کی تاریخ کو قومی دن کے طور پر مناتے ہیں اور آسٹریلیا کی تاریخ میں برعکس یہاں برطانوی پرچم لہراے جانے کے دن کو منایا جاتا ہے۔

فی الحال کسی متبادل تاریخ پر اتفاق رائے موجود نہیں تاہم کچھ متبادل موجود ہیں جیسا کہ یکم جنوری 1901 قیام وفاق کی تاریخ یا 9 جولائی جب ملکہ وکٹوریہ نے آسٹریلوی آئین کی توثیق کی یا 3 دسمبر کو یوریکا اسٹوکیڈ سے متعلق کان کنوں کی برطانوی حکام کے خلاف کی گئی بغاوت کی تاریخ۔ اسی طرح 13 فروری کی چھینی گئی نسلوں سے معذرت کی تاریخ، یوم معافی 26 مئی 1967 کے ریفرنڈم کی تاریخ 3 جون کو مابو ججمنٹ ڈے یا 13 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جانب سے انڈیجینس افراد کے حقوق تسلیم کرنے کا دن۔

شئیر
تاریخِ اشاعت 25/01/2024 12:26pm بجے
پیش کار Shadi Khan Saif
ذریعہ: SBS