آسٹریلیا کے $9.3 بلین ڈالرز سرپلس والے وفاقی بجٹ میں آپ کے لیے کیا ہے؟

CHRISTMAS RETAIL SYDNEY

. Source: AAP / AAPIMAGE

ایس بى ایس کی موبائیل ایپ حاصل کیجئے

سننے کے دیگر طریقے

آسٹریلیا میں بسنے والی تارکین وطن اور پناہ گزین برادریوں نے یہاں کے وفاقی بجٹ میں تازہ اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ اب بھی مزید بہتر اور موزوں حکمت عملیوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح یہاں کے روایتی فرسٹ نیشن کمیونیٹیز نے بھی وفاقی بجٹ سے متعلق بعض اقدامات کو سراہا ہے۔


وزیر خزانہ جم چالمرز نے $9.3 بلین ڈالرز سرپلس کا بجٹ پیش کیا ہے جس میں انرجی بل میں فی گھرانہ $300 کی امداد، کرایہ میں امداد کو بڑھانے، اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس اور قابل تجدید توانائی کے لیے اربوں ڈالرز کی رقم مختص کی گئی ہے۔

ثقافتی اور لسانی اعتبار سے متنوع پس منظر سے تعلق رکھنے والے آسٹریلوی باشندوں کی نمائندگی کرنے والے گروپ فیڈریشن آف ایتھنک کمیونٹیز کونسل سے وابستہ کارلو کارلی کے بقول روزمرہ کے اخراجات سے متعلق ریلیف کے پیکج سے تارکین وطن کو مدد ملے گی، بالخصوص وہ تارکین وطن جو آسٹریلیا میں ایک تہائی سے زیادہ چھوٹے کاروبار چلاتے ہیں۔

بجٹ میں ٹیکس دہندگان کے لیے اوسط بنیادوں پر 36 ڈالر فی ہفتہ کی چھوٹ، انرجی بلز پر 300 ڈالرز کی چھوٹ اور چھوٹے کاروباروں کے لیے قریب 325 ڈالرز کی سبسڈی اس بجٹ کا حصہ ہیں۔ کارلو کارلی کے بقول بجٹ میں کئی دیگر امور بھی تارکین وطن کمیونیٹیز کے لیے خاصی خوش آئند ہیں۔

عمر رسیدہ افراد کی نگہداشت اور بچوں کی دیکھ بھال کے شعبوں میں کارکنوں کی اجرت میں اضافے کے لیے بھی فنڈنگ مختص کی گئی ہے جیہاں زیادہ تر کارکن تارکین وطن اور پناہ گزین ہیں۔ اس تنظیم کی چیف ایگزیکیٹیو ڈاکٹر ایڈیلی مورڈالو کا کہنا ہے کہ مائی لینگویج پروگرام کے لیے 56 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ ملنا ایک اچھا فیصلہ ہے۔

اس کی مدد سے یہ پروگرام آئندہ دو ماہ تک جاری رہ سکیں گے تاکہ پناہ گزین پس منظر کی خواتین کو جنسی اور تولیدی صحت پر مختلف زبانوں میں تعلیم فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے گھریلوں تشدد کے شکار افراد کے لیے 925 ملین ڈالرز کی گرانٹ کو بھی سراہا ہے تاہم ان کے بقول اس ضمن میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

وفاقی بجٹ میں فرسٹ نیشنز کمیونٹیز کے لیے بھی متعدد اقدامات شامل ہیں، جن میں دور دراز علاقوں میں مقامی ملازمتوں اور خدمات کو فروغ دینے کے لیے $777 ملین، اور شمالی علاقہ جات میں ضروری خدمات تک دور دراز فرسٹ نیشنز کی کمیونٹیز کی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے $111 ملین شامل ہیں۔

دور دراز کی کمیونٹیز میں ڈیجیٹل خواندگی اور انٹرنیٹ کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے $68 ملین مختص کیے گئے ہیں۔ فرسٹ نیشنز لینگویج سینٹرز کے قیام اور سیکھنے کی خدمات کو بڑھانے کے لیے مزید $53.8 ملین مختص ہیں۔ اور ابتدائی تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے فرسٹ نیشنز کمیونٹی کے زیر کنٹرول اداروں کے ساتھ شراکت کے لیے $29.1 ملین مختص کیے گئے ہیں۔

ایرینٹی لوریتجا قبیلے سے وابستہ کیتھرین لڈل 80 سے زیادہ ایبوریجنل اور ٹورس سٹریٹ آئی لینڈر کمیونٹی اداروں کی ترجمان ہیں۔ ان کے بقول ان اقدامات کے لیے کافی عرصے سے مطالبے کیے جارہے تھے۔

وہ کہتی ہیں کہ وفاقی بجٹ کے اقدامات پر عمل درآمد یہاں بسنے والوں کے مابین فاصلوں کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

شئیر