اہم نکات
- عمران خان کیسز، خالد خورشید کو سزا
- معاشی پلان اڑان پاکستان کا اجرا
- پارا چنار میں امن و امان کی صورتحال
پارلیمان میں سیاسی بیٹھک۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے آغاز کے ساتھ ہی برف پگلنے لگی۔ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور 2 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس 2 جنوری کو صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ان کیمرہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف چارٹرر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹیوں کے تمام ارکان بہترین سیاسی بصیرت کے حامل ہیں، اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کے تمام ارکان 2 جنوری کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے مذاکرات میں فریقین کھلے دل اور نیک نیتی کا مظاہرہ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کی سنجیدہ کوششیں مثبت نتائج ضرور پہنچاتی ہیں۔ امید ہے مذاکراتی کمیٹاں کم وقت میں کوئی حل نکال لیں گی۔ رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دوران حکومت کے سامنے دو مطالبات رکھیں گے۔ ایک عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا اور دوسرا 9 مئی اور 26 نومبر کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ ہے۔ تحریک انصاف نے سول نافرمانی کے پہلے مرحلے میں سمندر پار پاکستانیوں سے ترسیلات زر پاکستان بھیجنے سے روکنے کی اپیل کی ہے۔
گلگت بلتستان کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیرِ اعلیٰ خالد خورشید کو 34 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ سابق وزیرِ اعلیٰ جی بی خالد خورشید کے خلاف سیکورٹی اداروں اور الیکشن کمیشن کے افسران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئی جی پولیس کو حکم دیا کہ سابق وزیراعلی کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا جائے۔
سزا کے فیصلے کے بعد اپنے بیان میں خالد خورشید نے کہا کہ فیصلے سے عدلیہ کا مذاق بنایا گیا۔ وہ آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تحریک انصاف نے خالد خورشید کو سزا دینے کے فیصلے کو انصاف کا قتل اور سیاسی انتقام کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔
Source: Supplied / Asghar Hayat
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ خان ارجمند نے کی۔ دوران سماعت گواہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وصول کیے گئے تحائف کی تفصیلات عدالت مین پیش کردیں۔ گواہ نے توشہ خانہ تحائف کی رجسٹریشن کا رجسٹر عدالت میں پیش کیا کردیا۔عدالت نے کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پانچ سالہ قومی اقتصادی پلان اڑان پاکستان کا افتتاح کردیا۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے پانچ سالہ اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان تشکیل دیا گیا ہے جو 2024 سے 2029 تک محتیط ہوگا۔ اڑان پاکستان منصوبے کے تحت 2029 تک برآمدات کو 60 ارب تک بڑھایا جائے گا۔
سالانہ ہزاروں کی تعداد میں آئی ٹی گریجوئٹس پیدا کیے جائیں گے۔ اس پلان کے تحت 2035 تک 1000 ارب ڈالرز معیشت کی بنیاد فراہم کی جائیگی۔ اڑان پاکستان کے اجرا کی تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق، وزیراعلی پنجاب مریم نواز، گورنر خیبرپختونخواہ، گورنر بلوچستان سمیت اہم وفاقی اور صوبائی وزرا شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2023 میں پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بے پناہ چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ وسائل موجود ہیں جنہیں بروئے کار لایا جائیگا۔
خیبرپختونخواہ کے قبائلی ضلعے کرم میں 85 ویں روز بھی امن و امان کی صورتحال معمول پر نہیں آسکی۔ پارا چنار ٹل مین شاہراہ ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے بند ہے۔ راستوں کی بندش کے باعث علاقے میں اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی شدید قلت ہے۔
Pakistani Rangers patrol as supporters of Shi'ite Muslim bodies clash with security forces during a protest demanding security to their community in restive Parachinar near the Afghan border, in Karachi, Pakistan, 31 December 2024. Source: AAP / SHAHZAIB AKBER/EPA
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری نے تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پارا چنار میں سڑکیں کھلوانا علی امین گنڈا پور کی ذمہ داری ہے۔ پارا چنار واقعے کیخلاف ایم ڈبلیو ایم نے ملک کے کئی شہروں میں دھرنے دے رکھے ہیں۔ کراچی کے دس مقامات پر دھرنے دیئے گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد میں انتظامیہ کیساتھ مذاکرات کے بعد کچھ مقامات سے دھرنے ختم کردیئے گئے۔
عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم نے خیبرپختونخواہ کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں میں دھرنے دیئے ہیں۔ علامہ ناصر عباس کو چاہیے کہ عمران خان کی توجہ پارا چنار کی طرف کروائیں۔
(رپورٹ: اصغرحیات)
________________________________________________________________
کو اپنا ہوم پیج بنائیں۔
- یا ڈیوائیسز پر انسٹال کیجئے
- پوڈکاسٹ کو سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے: