بائیونکس بنانے کا مقصد کیا تھا، یہ ادارہ کس طرح پیدائشی یا پھر حادثاتی طور پر بازوؤں سے محروم ہونے والے افراد کو مدد فراہم کر رہا ہے اور اس ادارے میں بننے والے مصنوعی بازوؤں سے استعفادہ حاصل کرنےوالے افراد کی زندگیوں میں کیا بدلاؤ آیا ہے ؟ یہ سب کچھ جاننے کیلیے ہم نے بائیونکس کے بانی اور مصنوعی بازوؤں کا استعمال کرنے والے افراد سے بات کی ہے آئیے آپ کی بھی ملاقات کرواتے ہیں۔
انس نیاز، بائیونکس کے بانی اور پیشے کے اعتبار سے روبوٹک انجینیئر ہیں، انس نیاز کہتے ہیں 2016 میں ایک قریبی خاندان نے رابطہ کیا اور ایک بچہ جو کہ پیدائشی طور پر بازو سے محروم تھا اس کیلیے مصنوعی بازو بنانے کی درخواست کی، ہم نے خصوصی طور پراِس بچے کیلیے میکینکل بازو تیار کیا، جس کے بعد اس بچے کو دیکھ کر دیگر لوگوں نے بھی رابطہ کیا اور مصنوعی بازو تیار کرنے کا کہا، لوگوں کی درخواستیں اس قدر بڑھیں کہ ہمیں ایک ادارہ بنانے کا خیال آیا اور پھر یہ سلسلہ چل پڑا۔
اویس حسن قریشی بائیونکس کے شریک بانی ہیں، اویس حسن قریشی کہتے ہیں بائیونکس میں تیار ہونے والا مصنوعی بازو نہ صرف مصنوعی ذہانت سے لیس ہے بلکہ اسے جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے، جو کہ استعمال کرنے والے فرد کیلیے انتہائی آسان اور آرام دہ ہے۔ اویس حسن قریشی کہتے ہیں پاکستان بھر سے ہمیں 3 ہزار سے زائد مصنوعی بازو ڈونیٹ کرنے کی درخواستیں موصول ہوئیں ہیں تاہم بھاری اخراجات کے باعث فوری طور پر ہم 500 افراد کو فری میں آرٹیفیشل اینٹیلیجنس سے تیار ہونے والے مصنوعی بازو دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
محمد عبید پاکستان کے شہر راولپنڈی سے تعلق رکھتے ہیں، عبید کرنٹ لگنے کے حادثے میں اپنے دونوں بازوؤں سے محروم ہوگئے تھے، عبید کے مطابق بازو کٹ جانے سے میرا اعتماد ختم ہوگیا تھا، لوگوں سے ملنا جلنا بند کر کے خود کو ایک کمرے تک محدود کر دیا تھا جب سے مصنوعی بازو لگوائے ہیں بتدریج اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے۔

Source: Supplied / Ehsan Khan
پاکستان میں روزانہ متعدد افراد ٹریفک حادثات، فیکٹریوں میں کام کرتے ہوئے، کرنٹ لگنے کے باعث یا پھر دیگر حادثات کا شکار ہو کر اپنے اعضا سے محروم ہوجاتے ہیں۔ اس طرح کے ادارے نہ صرف اُن افراد کیلیے ایک اُمید کی کرن ہیں بلکہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
(ایس بی ایس اردو کیلیے یہ رپورٹ پاکستان سے احسان خان نے پیش کی ہے۔)
_______________
کو اپنا ہوم پیج بنائیں۔
- یا ڈیوائیسز پر انسٹال کیجئے
- پوڈکاسٹ کو سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے: