مشتاق علی لاشاری آرٹسٹ ہیں جو اپنے منفرد کام کی وجہ سے ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں، ایس بی ایس اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشتاق علی لاشاری نے بتایا کہ حادثاتی طور پر پیٹنگ کرتے کرتے چائے اور کافی سے پیٹنگ بنانے کا خیال آیا اور پھر یہ سلسلہ چل پڑا۔ فائن آرٹسٹ مشتاق لاشاری کہتے ہیں چائے اور کافی سے پینٹنگز بنانے کا کام آسان نہیں اس میں انتہائی مہارت درکار ہوتی ہے۔
مشتاق لاشارے بتاتے ہیں کہ انھیں پرانی عمارتوں سے خاصا لگاؤ ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے کام میں زیادہ تر پرانی عمارتوں کا عقص ضرور نظر آتا ہے۔ آرٹسٹ مشتاق لاشاری کے مطابق وہ اپنے فن پاروں میں روزانہ عام استعمال میں آنے والی چائے اور کافی کا استعمال کرتے ہیں تاہم چائے اور کافی شوگر فری ہوتی ہیں اور اس میں استعمال ہونے والا کاغذ بیرون ملک سے منگوایا جاتا ہے۔
مشتاق لاشاری کہتے ہیں کبھی سوچا نہیں تھا کہ مجھے تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا ، ہمت نہیں ہاری ، محنت اور لگن سے اپنا کام جاری رکھا جس کا مجھے صلہ ملا۔
آگے بڑھیں اور آپ کی ملاقات کرواتے ہیں ایک ایسے میکینکل انجینئر سے جو بینائی سے محروم ہیں لیکن اپنے کام میں مہارت کی وجہ سے منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ محمد الیاس خان بینائی نہ ہونے کے باوجود پیکجینگ میں استعمال ہونے والی ہیوی مشینری میں آنے والا مسئلہ نہ صرف منٹوں میں دور کر سکتے ہیں بلکہ کسی بھی مکینیکل ٹائپ کی پروڈکٹ کی تیاری میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں
کراچی (پاکستان) سے تعلق رکھنے والے محمد الیاس خان کے مطابق اُن کی بینائی 1998 میں پیش آنے والے ایک حادثے میں متاثر ہونا شروع ہوئی ، علاج کروانے کے باوجود وہ کچھ عرصہ قبل مکمل طور پر بینائی سے محروم ہوگئے۔ الیاس خان کہتے ہیں کام میں مکینیکل انجینیئرنگ میں مہارت کو دیکھ کر میرے پاس آنے والے کسٹمرز کا ردِ عمل حیران کن ہوتا ہے، انھیں یقین نہیں آتا ہے کہ ایک شخص جو بینائی سے محروم ہے وہ کیسے مشکل ترین ٹیکنیکل کام کو بہترین انداز میں کررہا ہے۔

الیاس خان نے کسی بھی قسم کی معذوری کا شکار افراد کو مشورہ دیا کہ کوئی بھی بڑی سے بڑی مصیبت پیش آجائے ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔
(ایس بی ایس اردو کیلیے یہ رپورٹ پاکستان سے احسان خان نے پیش کی ہے۔)
_______________
- یا ڈیوائیسز پر انسٹال کیجئے
- پوڈکاسٹ کو سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے: