اہم نکات
- حکومت تحریک انصاف مذاکرات میں ڈیڈلاک
- متنازعہ پیکا ایکٹ ترمیمی بل سینیٹ سے بھی منظو
- تحریک انصاف، جے یو آئی رابطے بحال
- سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف کاروائیاں
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگئے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے۔ تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
منگل کے روز اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کی زیرصدارت مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ تحریک انصاف کی جانب سے کوئی اجلاس میں شریک نہ ہوا جس پر اجلاس ختم کردیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر ایاز صادق کہا کہ تحریک انصاف کے مطالبات کا وقت آج پورا ہوا۔ تحریک انصاف کے اراکین کیساتھ رابطہ کیا لیکن وہ نہیں آئے۔ اپوزیشن کے بغیر کمیٹی کو آگے چلانا ممکن نہیں تاہم مذاکراتی کمیٹی مکمل ختم نہیں کررہے۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کہا کہ کہ آج کے اجلاس میں تحریک انصاف کو تحریری جواب دینا تھا ۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ایک مذاکراتی کمیٹی بنی تھی اور ایک ہی جگہ مذاکرات ہورہے تھے۔ جو اب ختم ہوچکے ہیں۔ کہیں اور مذاکرات نہیں ہورہے۔ اگر مذاکرات ہوئے تو چھپ کر نہیں سب کے سامنے ہونگے۔
Source: Supplied / Asghar Hayat
بل کی منظوری کیخلاف صحافیوں نے بھی پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا اور نعرے بازی کی۔ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی کارکنان اور صحافی اس بل کا شکار بنیں گے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت گند اچھالا جارہا ہے۔ قانون صحافیوں کیلئے نہیں سوشل میڈیا کیلئے بنایا جارہا ہے۔ پیکا ایکٹ ترمیمی بل کیخلاف پی ایف یو جے کی کال پر لاہور ، کراچی، اسلام آباد ، گجرنوالہ سمیت دیگر شہروں میں صحافیوں نے احتجاج کیا ۔اسلام آباد میں صحافیوں نے نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک تک ریلی نکالی۔ صحافیوں نے پیکا ترمیمی بل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اسلام آباد میں مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ آج سے آزادی صحافت کی تحریک کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنا دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان رابطے کیلئے دو رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ کمیٹی میں اسد قیصر اور کامران مرتضیٰ شامل ہوں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اسد قیصر کی قیادت میں منگل کے روز جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہاشگاہ پر ملاقات کی ۔ وفد میں عمر ایوب خان ، عاطف خان ،صاحبزادہ حامد رضا ، سلمان اکرم راجہ شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعت علمائے اسلام کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اور تحریک انصاف کے درمیان رابطے دوبارہ سے بحال ہوگئے۔ ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کی تعیناتی پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران ایک اور گواہ محمد فہیم کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ عمران خان اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت دفتر خارجہ کے گواہ عمر صدیق پر بشری بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے جرح مکمل کر لی۔ کیس ایک اور گواہ محمد فہیم کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا۔ توشہ خانہ ٹو کیس میں اب تک مجموعی طور پر 8 گواہان کے بیان قلم بند کیے جاچکے ہیں۔
Source: Supplied / Asghar Hayat
ادھر پاکستان کی سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے توہین عدالت کی بنیاد بننے والے جسٹس منصور علی شاہ کے 13 اور 16 جنوری کے احکامات واپس لے لئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے نذر عباس توہینِ عدالت کیس کا ریکارڈ کسٹمز ڈیوٹی کیس کیساتھ منسلک کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے 13 جنوری کو آرٹیکل 191 اے کی تشریح سے متعلق نوٹسز جاری کیے تھے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے 16 جنوری کو کیس دوبارہ پرانے بینچ میں لگانے کا حکم دیا تھا۔
Source: Supplied / Asghar Hayat
پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے دو مختلف آپریشنز میں 8 دہشتگردوں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق قلعہ عبداللہ میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے 2خودکش بمباروں سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ایک اور آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے میں انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔
(رپورٹ: اصغرحیات)
___________________________________________
- یا ڈیوائیسز پر انسٹال کیجئے پوڈکاسٹ کو سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے: