اینزک ڈے آسٹریلین تاریخ میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے جب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی افواج نے باقاعدہ طور پر جنگ عظیم اول میں حصہ لیتے ہوئے اپنے قدم گیلی پولی کی زمین پر رکھے ۔ اس موقع کی یا د میں جہاں کئی تقا ریب منعقد ہوتی ہیں وہیں اینزک ڈے کوکیز بھی ایک خاص اہمیت رکھتے ہیں ۔
طاہرہ رجانی جو کوکیز ڈیکوریشن کے کاروبار سے منسلک ہیں اس حوالے سے کہتی ہیں کہ اینزک کوکیز عام بسکٹس اور کوکیز سے کچھ مختلف ہوتے ہیں کیونکہ ان میں "رولڈ اوٹس " کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اوٹس سے بنے ہونے کی وجہ سے ان کوکیز میں بہت غذائیت ہوتی تھی اور یہ کافی عرصے تک خراب نہیں ہوتے تھے ۔
طاہرہ رجانی کہتی ہیں یہ بسکٹس جب جنگ عظیم اول میں فوجیوں کو دیئے گئے تو وہ ان کو دو طرح استعمال میں لا سکتے تھے ۔ پہلا طریقہ تو اس طرح تھا کہ ان کوکیز کو تیز گرم پانی میں ڈال دلیے کی طرح کھاتے تھے یا پھر آگ پر سینک کر کھا لیتے تھے ۔
مہمان نوازی کی صنعت میں کام کرنے والے دانیال بشیر کا کہناہے کہ پہلی جنگ عظیم میں شریک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے فوجیوں کی یاد میں بنائے جانے والے یہ کوکیزہر 25 اپریل کو تیار کئے جاتے ہیں اور بانٹے جاتے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کھانے میں بہت ہی مزیدار ہوتے ہیں کیونکہ ان میں ڈرائی فروٹس بھی ڈالے جاتے ہیں ۔
یہ کوکیز آج کے زمانے میں کس طرح پیش کئے جاتے ہیں اور کھائے جاتے ہیں اس پر ان کا کہنا تھاکہ مختلف تقریبات میں ، کانفریسز میں یہان تک کہ اسکولوں میں بھی یہ بانٹے جاتے ہیں خاص طور پر آرمی اسکولوں میں اینزک کوکیز بچوں کو ضرور دئیے جاتے ہیں ۔ دانیال کا یہ بھی کہنا تھا کہ کیونکہ ان بسکٹس میں اوٹس اور ڈرائی فروٹس موجود ہوتے ہیں اس لئے یہ کافی کے ساتھ ناشتے میں بھی شوق سے کھائے جاتے ہیں۔