مسیحی برادری کرسمس کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مناتی ہے تاہم پاکستان میں دیگر مذاہب کے ماننے والے بھی اِس دن کے موقع پر کرسچن کمیونٹی کو نہ صرف مبارک باد پیش کرتے ہیں بلکہ مسیحی برادری کے ساتھ اُن کی خوشیوں میں پیش پیش رہتے ہیں۔
پاکستان میں بسنے والی میسحی برادری کرسمس کو کس انداز سے مناتی ہے، اور کیسے مذہبی عبادات کے ساتھ ساتھ لذیذ پکوان بنائے جاتے ہیں اور خوشی کے اِس موقع کو کس انداز میں منایا جاتا ہے یہ سب کچھ جاننے کیلیے ایس بی ایس اردو نے کریسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے بات کی ہے، آئیے آپ کی بھی ملاقات اُن سے کرواتے ہیں.
ذیشان جون، کریسچن کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور نجی بینک میں ملازمت کرتے ہیں، ذیشان جون کہتے ہیں کرسمس صرف ایک دن کے نام نہیں بلکہ اسے ہم مذہبی لحاظ سے چار ہفتوں تک مناتے ہیں اور یہ پیغام خوشی، امن، محبت اوراُمید کا درس دیتا ہے۔
ذیشان جون کے مطابق کرسمس کے موقع پر گھروں کو روایتی انداز میں سجایا جاتا ہے اور خوشی کے اس موقع پرمزیدار قسم کے پکوان نہ ہوں ایسا ممکن نہیں، اسی لیے ذائقے دار کھانے نہ صرف گھر والوں کیلیے بنائے جاتے ہیں بلکہ بریانی، قورمہ اور کڑاہی سمیت دیگر لذیذ کھانوں سے مہمانوں کی بھی تواضع کی جاتی ہے۔
ذیشان جون کے مطابق کرسمس کا پیغام دوسروں کی مدد کا ہے اور اس میں سینٹا کلاز کی منفرد پہچان حاصل ہے ہم میں سے بھی ہر کوئی سینٹا کلاز بن سکتا ہے کیوں کہ اس کا مقصد غربا اور وہ لوگ جو استطاعت نہیں رکھتے ان کی مدد کرنا ہے اور انھیں بھی اپنے ساتھ خوشیوں میں شریک رکھنا ہے۔
ذیشان جون کہتے ہیں پاکستان میں ہمیں نہ صرف کرسمس کو منانے کی مکمل آزادی ہے بلکہ دیگر مذہبی عبادات کرنے کی بھی کھلی اجازت حاصل ہے۔
Source: Supplied / Ehsan Khan
ڈاکٹر انیتا ویلسن کے مطابق پاکستان میں کرسمس کا تہوار صرف میسحی برادری ہی نہیں مناتی بلکہ ملک میں بسنے والی دیگر کمیونیٹیز بھی ہماری اس خوشی میں ہمارے ساتھ شریک ہوتی ہیں۔
میسحی برادری سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر انیتا ویلسن بھی ذیشان جون کے خیالات سے متفق ہیں، کہتی ہیں پاکستان میں بطور مسیحی ہمیں اپنے عقائد پر عمل کرنے، مذہبی تہوار منانے اورعبادات کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
پاکستان میں 25 دسمبر کو عام تعطیل ہوتی ہے تاہم سرکاری طور پر یہ چھٹی کرسمس کی نہیں بلکہ بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کی مناسبت دے دی جاتی ہے۔
(ایس بی ایس اردو کیلیے یہ رپورٹ پاکستان سے احسان خان نے پیش کی ہے۔)
________________________________________________________________
- یا ڈیوائیسز پر انسٹال کیجئے
- پوڈکاسٹ کو سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم سے سنئے: