آسٹریلیا جیسے ترقی یافتہ اور مصروف مغربی ملک میں اعتکاف جیسی طویل اور صبر آزما عبادت کو یہاں کے مسلمان کیسے نبھا رہے ہیں؟ یہاں کی تیز اور مصروف زندگی کے خاص تقاضے کیا ہیں اور اعتکاف کی عبادت کے معنی ، اہمیت اور فضیلت کو حاصل کرنے کے لیے یہاں کے مسلمان باسی کیا کر رہے ہیں؟
اعتکاف کے لفظی معنی ٹھہر جانے اور خود کو روک لینے کے ہیں جبکہ مذہبی اعتبار سے اعتکاف کا مطلب ماہ رمضان کے آخری دس دنوں اور راتوں میں عبادت کی غرض سے مسجد میں ٹھہرے رہنے کو کہتے ہیں۔
آسٹریلیا میں اعتکاف دیگر اسلامی ممالک کے مقابلے میں خاصہ مختلف ہے جہاں مساجد کی تعداد واضح طور پر کم اور مسلمان گھرانوں میں افراد کی تعداد نسبتاً خاصی کم ہوتی ہے جس باعث گھر بار چھوڑ کر مسجد میں دس دن تک قیام اور عبادت کا ٖفیصلہ خاصا مشکل اور قریب ناممکن ہوتا ہے۔ گھریلوں ضروریات کے لیے وقت نکالنے کے ساتھ ساتھ یہاں کی دفتری مصروفیات اور سرکاری قاعدے اور قوانین بھی یہاں رہنے والے مسلمانوں کو خاص طور پر مدنظر رکھنے پڑتے ہیں تاکہ کسی پریشانی میں پڑنے کے بجائے بخیراسلوبی کے ساتھ اپنی مذہبی عبادت کو تکمیل دیا جائے۔
آسٹریلیا میں ایک طویل عرصے سے مقیم پاکستانی نژاد شہری رانا شاہد کے بقول یہاں گزشتہ کچھ برصوں سے تمام مذہبی عبادات اور بالخصوص رمضان کے مہینے سے متلعق عبادات میں لوگوں کی دلچسپی اور اشتراک خاصا بڑھا ہے۔
آسٹریلیا میں اعتکاف کے حوالے سے اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران ایک خاص ماحول پیدا ہوجاتا ہے جو لوگوں کو اس جانب راغب کرتا ہے اور پھر لوگ تمام تر مشکلات اور مصروفیت کے باوجود اسے عملی جامہ پہناتے ہیں۔
آسٹریلیا میں مسلمان آبادی کا اندازہ قریب آٹھ لاکھ سے بھی زائد لگایا جاتا ہے۔ ۱۹ ویں صدی میں یہاں آنے والے افغان شتربانوں نے یہاں کی سب سے پہلی مسجد کی بنیاد رکھی اور اب یہاں کئی مسلم ممالک کے شہری آباد ہیں اور کمیونٹی کی سطح پر اپنی مساجد کا انتظام سنبھال رہے ہیں جہاں رمضان کے دوران اعتکاف کے لیے بندوبست کیا جاتا ہے۔
ملیبورن شہر کی ایک مسجد کے افغان امام اور یہاں کی مسلمان برادری کی ایک سرکردہ شخصیت ڈاکٹر افتخار احمد نے ایس بی ایس اردو کو بتایا کہ اعتکاف کی عبادت میں آسٹریلیئن مسلمانوں کی دلچسپی خاصی زیادہ ہے اور تمام تر مشکلات کے باجود لوگوں کی کوشش رہتی ہے کہ ماہ رمضان کی اس خاص عبادت کو ادا کیا جائے۔
ان کے بقول روزمرہ کی مصروفیت کے باوجود آسٹریلیا میں مقیم مسلمان مذہبی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اعتکاف کی عبادت سرانجام دیتے ہیں اور قبل از وقت پلاننگ اس حوالے سے خاصی کار آمد ثابت ہوتی ہے۔